مخاصمانہ رویہ رکھنے والے ہمسایہ ممالک کی وجہ پاکستان کو مضبوط دفاعی صلاحیتوں کی ضرورت ہے : مسعود خان
واشنگٹن:امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہمسائے میں مخاصمانہ رویہ رکھنے والے ممالک موجود ہیں اس لئے پاکستان کو مضبوط دفاعی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسعود خان نے ان خیالا ت کا اظہار شمالی کیرولینا کے شہر شارلٹ کی ورلڈ افیئر کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب ایمبیسیڈر سرکل سیریز کے دوران کیا۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا امریکا پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات جاری رکھے گا۔انہوں نے علما، دانشوروں اور رائے عامہ تشکیل دینے والوں کے اس اجتماع کو بتایا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری رہی ہے، ہمارے درمیان معاہدے اور اختلافات دونوں رہے لیکن ہم ان ساڑھے سات دہائیوں کے دوران ایک دوسرے کے ثابت قدم شراکت دار رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اس شراکت داری کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ کونسل کی ایمبیسڈر سرکل سیریز ان موجودہ اور سابق سفیروں اور اعلی سطح کے سرکاری عہدیداروں کو موقع فراہم کرتی ہے جو امریکا اور دنیا بھر کے ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے بارے میں اپنی بصیرت کا اشتراک کرنے کیلئے شارلٹ شہر کا دورہ کرتے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ اب بھی موجودہے، یہ ختم نہیں ہوا ہے کیونکہ امریکا افغانستان سے واپس آ گیا ہے۔مسعود خان نے مزید کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان اور افغانستان کے لیے بلکہ خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کیلئے بھی ایک مہلک خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کو تمام سفارتی ذرائع اور دیگر پرامن ذرائع سے علاقائی امن و استحکام کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امریکا کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہیے۔