کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کا شہدائے جموں کو خراج عقیدت
اسلام آباد06نومبر ( کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حق خود ارادیت کے حصول او ر مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی غلامی سے آزادی تک جدوجہد وجاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے کنوینر محمد فاروق رحمانی کی صدارت میں آج اسلام آباد میں ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا۔حریت رہنماﺅں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نومبر1947کے شہدائے جموں نے آزادی کے عظیم نصب العین کیلئے تین لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ سپاہیوں ، بھارتی فوجیوں اور ہندو انتہا پسند تنظیموں کے غنڈوں نے خواتین،بچوں ، بزرگوں سمیت جموںکے مسلمانوں کو جس بے دردی کے ساتھ شہید کیا وہ دنیا کیلئے سوالیہ نشانہ ہے۔حریت رہنماﺅں نے کہا کہ شہدائے جموںکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیںجائیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری 1947سے آج تک اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود اپنی اس عظیم جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو متنبہ کیا کہ ہٹ دھرمی اور طاقت کے استعمال کے وحشیانہ استعمال کی اسکی پالیسی کے خطرناک نتائج برآمد ہو نگے۔ حریت رہنماﺅں نے کہا کہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ نے تسلیم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں ہی مضمر ہے ۔