قاہرہ:عالمی برادری بھارتی حکومت کے کشمیراورمسلم دشمن اقدامات کی مذمت کرے، مقررین کا مطالبہ
قاہرہ :یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام ایک سیمینار کے مقررین نے عالمی برادری سے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے کشمیر دشمن اور مسلم مخالف اقدامات کی مذمت کرنے پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ جموںوکشمیر بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت نے یکطرفہ طورپر اس کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق” کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو خراج تحسین ”کے عنوان سے سیمینارمیں دانشوروں، سول سوسائٹی کے ارکان، صحافیوں، طلبا اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب کے دوران بھارتی ریاستی ظلم وجبر اور کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کیلئے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔مصرکے دانشوروں اور ماہرین تعلیم کی نمائندگی کرنے والے مہمان مقررین نے اپنی تقاریر میں زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت نے یکطرفہ طور پر اس کی متنازعہ حیثیت تبدیل کردی ہے۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے اور بھارتی قابض فورسز مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے اور کشمیریوں کو اپنا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت استعمال کرنے کا موقع دیا جائے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارتی حکومت کے فاشسٹ، کشمیری مخالف اور مسلم مخالف اقدامات کی پرزور مذمت کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔سفیر ساجد بلال نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے پر مقررین کی تعریف کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر کے خاتمے کے لیے مداخلت کرے۔ انہوں نے کہا کہ شرکا کی جانب سے اظہار خیال مصر کے عوام کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مسلمان بھائیوں کی بھرپور حمایت کا مظہر ہے۔سفیر نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کشمیری عوام کو ان کی اپنی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی بدنیتی پر مبنی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا گزشتہ سال11دسمبر کا فیصلہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو کمزور کرنے کی بھارتی خواہش کا ایک اور مظہر ہے۔ انہوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے گراں قدر قربانیاں دینے پر مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام اور حریت قیادت کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔