یوم یکجہتی کشمیر

پشاور اور خیرپور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی واک اورریلی

pashawar-5th feb rallyپشاور:
پشاور اور خیرپور سمیت مختلف شہروں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے متعدد پروگرام منعقد کئے گئے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریسکیو1122 کے زیر اہتمام ایک خصوصی واک کا اہتمام کیاگیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد کے مطابق ریسکیو1122 کے زیراہتمام صوبے کے تمام اضلاع میں یوم کشمیر منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر پر بھارت کی جانب سے غیر قانونی اور غیر آئینی غاصبانہ قبضہ کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو آزاد ماحول میں ان کی مرضی کے مطابق جینے دیا جائے۔
اسی طرح خیرپور میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی ۔ ریلی سوک سینٹر تا پریس کلب خیرپور تک نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سید محمد علی شاہ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر اختیار حسین میرانی نے کی۔ اے سی سید محمد علی شاہ، ڈاکٹر اختیار میرانی، ڈاکٹر نظیر احمد،انفارمیشن آفیسر امان اللہ چنا، ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح، وسیم گل سولنگی، شجاعت احمد صدیقی، آزاد انصاری، ظہیر انصاری، عنصر سندھو، حسن پھلپوٹو،ارشاد جونیجو، اختر کھوکھر، سکائوٹس آوف فاروقی، عبدالحق جانوری، عبداللہ جانوری، محمد علی ملک، ڈاکٹر اورنگزیب بروہی ، ذوالفقار ڈھوٹ، قاضی شکیل، احسان علی شیخ سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سلامتی کونسل کے توسط سے عمل درآمد کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر انسانیت سوز ظلم کررہا ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سفارتی ، اخلاقی، سماجی سطح پر مدد جاری رکھے گا اور دنیا بھر میں ہر سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ ریلی میں سرسو، کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا، روٹری کلب ، این ڈی ایس پی ، نرف، سافکو، لیڈی ہیلتھ ورکرز ، روینیو ملازمین، سماجی رہنمائوں، وکلا ، معززین شہر، ڈاکٹرز، صحافی، سکول اور کالیجز کے اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button