پاکستا ن نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے
سرینگر: اتحاد اسلامی جموں و کشمیر نے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر حکومت پاکستان سمیت پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اتحاد اسلامی کے رہنمائوں احمد عبدالرحمن سلفی، نثار محمد قاسمی اور پیر سجاد فلاحی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور کشمیر پر بھارت کے ساتھ تین جنگیں لڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی قربانیوں پر کشمیری عوام اس کے شکر گزار ہیں اور پاکستان کے ساتھ کشمیر کا الحاق کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیرکے عوام اور بیرون ملک مقیم کشمیری دنیا بھر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے عالمی برادری کو جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت یاد دلائیں گے۔ اتحاد اسلامی کے رہنمائوں نے کہاکہ چیئرمین سید منظور احمد شاہ کی متحرک قیادت میں جدوجہد آزادی کو ہر سطح پر مضبوط اورمستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن سمیت بھارتی ایجنسیوں کی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی شدیدمذمت کی۔ اتحاد اسلامی کے رہنمائوں نے بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔