بھارت :ہندو انتہاپسندوں کا مسلمان رکشہ ڈرائیور پر تشدد،جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبورکیا
ممبئی : بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع تھانے میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک مسلمان رکشہ ڈرائیور کوشدید تشدد کا نشانہ بنا کر”جے شری رام” کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈرائیور نے جس کی شناخت محمد ساجد محمد یاسین خان کے نام سے ہوئی ہے، دیگھڑ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے جس کی بنیاد پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ضلع کے علاقے مرہ میں ایک آٹو رکشہ سٹینڈ پر پیش آیا۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ اسٹینڈ پر مسافروں کا انتظار کر رہا تھا جب پانچ آدمی اس کے پاس آئے اور بغیر کسی اشتعال کے اس کی توہین اور مار پیٹ شروع کردی۔ شکایت کنندہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے اسے سڑک پردے مارا اور اس پر تشدد کرتے رہے اور”جے شری رام”کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا جس کے بعد وہ وہاں سے چلے گئے۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ اس کے رکشے سے 2000روپے بھی چوری کئے گئے ۔ جس کے بعد وہ دیگھڑ تھانے گئے اور ملزمان کے خلاف شکایت درج کرائی۔پولیس نے پانچ ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا۔ دیگھر پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ ملزم سے پوچھ گچھ اور اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔