بھارت : آسام حکومت کا ریاستی سیکریٹریٹ کے ملازمین کے لیے ڈریس کوڈ جاری
گوہاٹی 08نومبر(کے ایم ایس) بھارتی ریاست آسام میں بی جے پی کی ہندو انتہاپسند حکومت نے ریاستی سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے اپنے تمام ملازمین کے لیے ایک ڈریس کوڈ جاری کردیا ہے جس کے تحت حکومت نے سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے جینس، ٹی-شرٹ اور لیگنگ پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔
سیکریٹریٹ اہلکاروں کو دفتری اوقات کے دوران لازمی طور پر طے شدہ لباس پہننا ہوگا۔ مردوں کو شرٹ اور پینٹ پہنناہوگا جبکہ خواتین ساڑی یا شلوار قمیص پہن سکتی ہیں۔ ہر بدھ کو ملازمین کو روایتی کپڑے پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسمبلی اجلاس کے دوران ملازمین کو وردی بھی مہیا کی جائے گی۔ یہاں تک کہ اسمبلی کی کارروائی کو کور کرنے والے صحافیوں کو بھی سرکاری گائیڈلائنس کے مطابق کپڑے پہننے ہوں گے۔ یہ حکم اسمبلی اسپیکر بسوجیت دیماری کی ہدایت پر جاری کیا گیا اور یہ تنخواہ پر کام کرنے والے ملازمین پر بھی نافذ ہوگا۔آسام حکومت کے حکمنامے میں کہاگیا ہے کہ گائیڈلائنس پر عمل کرنے میں ناکام رہنے والے ریاستی اسمبلی کے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بی جے پی حکومت نے سیکریٹریٹ اہلکاروں کو ڈریس کوڈ پرسختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔