بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں پیراملٹری فورسز کی مزید 700 کمپنیاں تعینات کررہا ہے
سرینگر: بھارت غیر قانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیراملٹری فورسز کی مزید 700کمپنیاں تعینات کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت11لاکھ سے زائد فوجیوں اورپیراملٹری فورسز کے علاوہ رواں سال اپریل مئی میں ہونے والے نام نہادلوک سبھا انتخابات کے بہانے وادی کشمیر، جموں خطے اور لداخ میںپیراملٹری فورسز کی 700سے زائد اضافی کمپنیاں تعینات کررہا ہے۔ بھارتی حکام نے بتایا کہ انتخابات کے انعقاد کے لئے جموں و کشمیر میں پیراملٹری فورسزکی 635اور لداخ خطے میں 57کمپنیاںتعینات کی جائیں گی ۔بھارتی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بھارت بھر میں 3400کمپنیاں تعینات کی جائیں گی اور انہیں مرحلہ وار منتقل کیا جائے گا۔
دریں اثناء نریندر مودی کے کل دورہ جموں سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ضلع جموں کو فوری طور پر ڈرون اور کواڈ کاپٹروں کے لیے نو فلائی زون قرار دیا گیا ہے جبکہ پورے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں پہلے سے عائد پابندیوں کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔