بھارت: کسانوں نے حکومت کی تجاویز مسترد کر دیں،کل سے احتجاجی مارچ جاری رکھنے کا اعلان
نئی دہلی: بھارت میں جاری کسانوں کے احتجاج کے دوران حکومت اور کسان یونینوں کے درمیان مذاکرات ایک بارپھر ناکام ہوگئے جس کے بعد کسانوں نے کل سے دہلی چلو مارچ پھرسے شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کسان یونین کے رہنما سرون سنگھ پنڈھر نے کہاکہ حکومت نے 5 سالہ منصوبہ پیش کیا ہے جس کے مطابق مکئی، کپاس اور تین مختلف دالیں کسانوں سے پرانی کم از کم قیمت پر خریدی جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیش کر دہ مذکورہ تجاویز قابل قبول نہیں ہیں اس لیے ہم ان کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومتی تجاویز پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث کسان کل سے نئی دہلی کی طرف پرامن احتجاجی مارچ دوبارہ شروع کریں گے۔انہوں نے کہاکہ جب تک کسانوں کے تمام مطالبات پورے نہیں ہوتے، نئی دہلی کی جانب پر امن مارچ جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ کسان یونینوں اوربھارتی حکومت کے درمیان مذاکرات کے کئی دورہوچکے ہیں جن کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔بھارتی کسان نئی دہلی مارچ کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے مذاکرات کی وجہ سے ہریانہ اورپنجاب کی سرحد وں پر رکے ہوئے ہیں ۔