اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم پر بھارت کے خلاف کارروائی کرے: دیو یندر سنگھ
جموں 08 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنما اور جموں و کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ دیو یندر سنگھ بہل نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے دے رکھی ہے، کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کے لیے ہر ہتھکنڈا استعمال کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں مطالبہ کیاکہ بھارت کو 1947 سے اب تک5 لاکھ کشمیریوں کے قتل، ہزاروں خواتین کی بے حرمتی ، ہزاروں نوجوانوں کی گرفتار ی اور انہیں ماورائے عدالت قتل کرنے پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان مظالم کے باوجود کشمیر کے بہادر عوام نے اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا کیونکہ وہ آزادی کو اپنی جانوں سے زیادہ قیمتی سمجھتے ہیں ۔دیویندر سنگھ بہل نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری نے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف قابض بھارتی فورسز کے مظالم کا کبھی سنجیدہ نوٹس نہیں لیا۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کو حل کرائے اور اگر بھارت کشمیریوں کوحق خودارادیت دینے کے عالمی ادارے کے مطالبے پر عمل نہیں کرتا تواس کے خلاف سخت کارروائی کرے۔