مقبوضہ جموں و کشمیر

عالمی برادری کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کو یقینی بنائے،بلاول بھٹو

اسلام آباد 05 جنوری (کے ایم ایس)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پرزوردیا ہے کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انہیں انکاحق خودارادیت دلوانے کیلئے اقدامات کرے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن 1949میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان(یو این سی آئی پی)نے متفقہ طور پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی قرارداد منظور کی تھی۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے جسے بین الاقوامی انسانی حقوق کی دستاویزات میں برقرار رکھا گیا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حق خود ارادیت سے متعلق اپنی سالانہ قرارداد میں اس کی توثیق کی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر کے عوام کے عزم کے احترام کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ کے گزشتہ 75 سال کشمیری عوام پر ظلم وجبر کی ایک افسوسناک داستان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و دہشت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ان مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت کے اپنے ناقابل تنسیخ حق کا استعمال کرنے اور عزت وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دینے سے انکاری ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 5اگست 2019کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی ،بھارت کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت اہم ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے اقدامات کرے جس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود حق خودارادیت کے حصول کے قابل بنایا جا سکے، اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے بھارت کے اقدامات کوروکنے پر بھی زور دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کیلئے اپنا کردار ادا کرنے ، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول تک ہماری بھرپور،ثابت قدم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button