مودی کے دورے سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیرمیں سکیورٹی کے نام پر پابندیاں مزید سخت
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے سے قبل سرینگر سمیت پورے علاقے میں سیکورٹی کے نام پر پابندیاں مزید سخت کردی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی 7مارچ کو سرینگر کا دورہ کریں گے اور وہاں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔دورے سے قبل مودی کی ریلی کے مقام بخشی سٹیڈیم سرینگرکے ارد گرد حفاظتی اقدامات کے نام پربھارتی فورسز کی بھاری تعداد تعینات کی گئی اورپابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔بھارتی فوج نے کشمیریوں کی نگرانی کے لیے بڑی تعداد میں عارضی بنکرز قائم کئے ہیں اور ہر جگہ بلٹ پروف مسلح گاڑیاں تعینات کر دی ہیں۔ علاقے کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بھی تیز کردی گئی ہیں اورلوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ وزیراعظم سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ایک جلسے سے خطاب کریں گے اور ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے تمام انتظامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کی فضائی نگرانی کی جائے گی اور اسٹیڈیم کے آس پاس کے علاقوں پرڈرونز سے نظر رکھی جائے گی۔بھارتی فورسز کے اہلکار سرینگر میں باقاعدہ گشت اور چیکنگ کر رہے ہیں اور پیدل لوگوں اورگاڑیوں کی تلاشیاں لے رہے ہیں۔