میر واعظ کا رمضان المبارک سے قبل سرینگر کی جامع مسجد میں انتظامات کا جائزہ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ہفتے کے روز جامع مسجد میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پیش نظر مسجد کے اندر اور اطراف میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں جامع مسجد کی انتظامیہ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ صیام مومنین کو اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور اللہ تعالیٰ سے رحمتیں حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اوقاف کے اراکین نے چیئرمین کو ماہ رمضان کے دوران جامع مسجد میں آنے والے نمازیوں کے لیے کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔ میر واعظ عمر فاروق نے ارکان اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ وضو کے لیے پانی کی دستیابی اور مسجد اور اس کے ارد گرد بجلی کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات کو یقینی بنائیں تاکہ مقدس مہینے میں خاص طور پر نماز تراویح کے لیے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔