سجدہ ریز شخص کو لات مارنا اقلیتوں کیساتھ پولیس کی نفرت کو ظاہر کرتاہے، اویسی
حیدر آباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن بھارتی پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہاہے کہ نئی دلی پولیس اہلکاروں کا مسلمانوں پر دوران نماز تشدد پولیس ملازمین کی مسلمانوں سے شدید نفرت کو ظاہر کرتا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اسد الدین اویسی نے ایک بیان میں نفرت انگیز واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس نے سب کوہلا دیا ہے۔ انہوںنے کہا پولیس نے سجدے کی حالت میں مسلمانوں کو لاتیںماریں۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کی طرف سے زیادتی کا مظاہرہ ہمیں نماز ادا کرنے سے نہیں روک سکتا، ہم اللہ کے آگے جھکتے ہیں اور جھکتے رہیں گے، آپ ہمیں لات ماریں یا گولی ماریں ، آپ ایسا کرتے ہوئے اپنی نفرت بھری ذہنیت آشکار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ نئی دلی کے علاقے اندر لوک میں جمعہ کے روز پولیس نے سڑک کنارے نماز جمعہ ادا کرنے والے مسلمانوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں ایک اہلکار کو نمازیوں کولاتیں مارتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔