بھارتی تحقیقاتی ادارے ای ڈی کی طرف سے ممتازصحافی رعنا ایوب کیخلاف چارج شیٹ دائر
نئی دلی13 اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ممتاز صحافی رعنا ایوب کے خلاف عوام سے اکھٹے کئے گئے 2کروڑ69لاکھ روپے کے فنڈمیں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت چارج شیٹ دائر کردی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ای ڈی نے غازی آباد کی ایس پی ایل عدالت میں رعنا ایوب کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ۔ رعنا ایوب پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک آن لائن فنڈنگ پلیٹ فارم کیٹو پر فنڈ ریزر مہم کے ذریعے لوگوں سے 2کروڑ69لاکھ روپے اکھٹے کئے تھے ۔ ای ڈی کا مقدمہ گزشتہ سال اتر پردیش پولیس کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر پر مبنی ہے جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ رعنا ایوب نے امدادی کام کے نام پر آن لائن کراڈ فنڈنگ پلیٹ فارم کیٹو کے ذریعے بھاری رقوم اکٹھی کیں لیکن فنڈز کا رخ موڑ دیا۔ فروری میں ای ڈی نے مقدمے کے سلسلے میں ایوب کے 1کروڑ 77لاکھ روپے کے بینک ڈپازٹس کوضبط کیا تھاجبکہ مارچ میں انہیں بیرون ملک جانے سے بھی روک دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رانا ایوب بھارت اقلیتی طبقوں بالخصوص مسلمانوں کی حالت زار پر مسلسل آواز اٹھاتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکی بھی مل چکی ہے اور سوشل میڈیا پر انہیں ہراساں بھی کیا گیا۔ ٹائم میگزین نے انہیں دنیا بھر میں ان 10 عالمی صحافیوں کی فہرست میں بھی شامل کیا ہے جنہیں جان سے ماردینے کے خطرے کاسامنا ہے۔رانا ایوب کی رپورٹنگ کی وجہ سے گجرات فسادات میں مسلمانوں کے قتل عام کے اہم رازوں سے بھی پردہ اٹھایاتھا ۔ انہوں نے اسٹنگ آپریشن کی روداد گجرات فائلز کے عنوان سے ایک کتاب میں تحریر کئے تاہم اس کتاب کو کسی پبلشر نے شائع نہیں کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس کتاب کو ازخود ہی شائع کیا۔ اس کتاب کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے پررعنا ایوب کو امریکہ میں ‘دی فلورا لیویز ایوارڈ’ سے بھی نوازا گیاہے۔