لوگوں کودرپیش مشکلات کے تئیں قابض حکام کی بے حسی کے خلاف مینڈھر میں احتجاجی مظاہرہ
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھرمیں لوگوں نے پانی کے شدید بحران کے حوالے سے قابض حکام کی بے حسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے علاقے میں پانی کی شدیدقلت کے اہم مسئلے کو حل کرنے میں قابض حکام کی ناکامی اور اس مسئلے کوطویل عرصے سے نظر انداز کیے جانے پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔سماجی کارکن بشارت احمد کی قیادت میں شیو مندر اور فائر اسٹیشن کے رہائشیوں نے حکام کی بے حسی کے خلاف درانہ چوک کے قریب نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے علاقے کی سنگین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ علاقے میں پانی کے پائپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اورلوگ چھ ماہ سے زائد عرصے سے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔مظاہرین نے کہاکہ رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہوا اور شہری پانی لانے کے لیے دور دراز کا سفر کرنے پر مجبور ہیں جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔