سانبہ: بھارتی پولیس کی طرف سے مظاہرین پرطاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت
سرینگر 24اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے ضلع سانبہ میں جموں پٹھانکوٹ ہائی وے پر واقع سارور ٹول پلازہ کو بند کرنے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین پر بھارتی پولیس کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پولیس کی کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ مظاہرین لکھن پور میں ٹول ٹیکس کی وصولی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ ٹول ٹیکس کی وصولی بھارتی حکومت کی واضح ہدایات اور اور یقین دہانیوں دونوں کی صریحاخلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب مقبوضہ علاقے کی خستہ حال سڑکیں اور پل عوام کیلئے انتہائی تکلیف کا باعث ہو تو لوگوں پر ٹیکس لگانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔فارو ق عبداللہ نے کہاکہ مظاہرین پر طاقت کاوحشیانہ استعمال کیاگیا اور احتجاج میں شامل لوگوں کی بڑی تعداد کو گرفتار کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مظاہرین کے خلاف پولیس کی کارروائی اور انتظامیہ کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے قابض انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ گرفتار نوجوانوں کو فوری طور پر رہا کرے اور ان کے جائزمطالبے کومانا جائے ۔فاروق عبداللہ نے حال ہی میں عائد کئے گئے پراپرٹی ٹیکس کے علاوہ سارور میں غیر قانونی ٹول پلازہ کو بھی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹول پلازہ کشمیریوں پرغیر ضروری مالی بوجھ کا باعث بن رہا ہے۔