کل جماعتی حریت کانفرنس کیطرف سے ”یوم پاکستان کے موقع پر” پاکستانی عوام، حکومت کو مبارکباد
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کل منائے جانے والے ”یوم پاکستان ”کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے مملکت خداداد کے استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی ہے۔ .
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنمامولوی بشیر احمد عرفانی، غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، محمد یوسف نقاش، سلیم زرگر، خواجہ فردوس، محمد شفیع لون، حفضہ بانو، فریدہ بہن جی اور مولانا مصعب ندوی نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ یہ جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سب سے اہم واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کی قرارداد نے خطے کے مسلمانوں کو نئی توانائی اور حوصلہ دیا اور وہ اپنی آزادی کی جدوجہد کے لیے آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت کے گرد جمع ہوئے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھا رہا ہے، تنازعہ کے حل کے لیے مضبوط اور مستحکم پاکستان ناگریز ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے ، کشمیری 23 مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد سے تحریک حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر حکومت پاکستان اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر ، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، محمد سلطان بٹ، سید اعجاز رحمانی، چوہدری شاہین اقبال، زاہد اشرف، زاہد صفی، الطاف احمد بٹ، منظور احمد ڈار اورمشتاق احمد بٹ نے بھی اسلام آباد میں اپنے بیانات میں یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اسکے باوجود وہ بین الاقوامی سطح پر محکوم کشمیریوں کی بھر پور ترجمانی کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی حمایت و تائید بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کیلئے حوصلے و تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل میں اپنا کردار ادا کرے۔کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں 23مارچ کویوم پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط اور متحد پاکستان بھارتی مظالم کا شکار مظلوم کشمیریوں کی امیدوں کا محور ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں پوری امید ہے کہ پاکستانی قیادت اور قوم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب ہوجائے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ جس طرح 23 مارچ 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک قرارداد کے ذریعے ایک الگ وطن بنانے کا عہد کیا تھا، اس طرح آج ضرورت ہے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہوکر ملک کو درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے جدوجہد کرے۔