فلسطینیوں اورکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظفرآباد میں ریلی کا انعقاد
مظفرآباد: مہاجرین جموں کشمیر کے زیر اہتمام مظفرآباد میں”یکجہتی فلسطین و جموں کشمیر ریلی” کا انعقادکیاگیا جس میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور کشمیری عوام کے لئے حق خودارادیت کا مطالبہ کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی اولڈ سیکرٹریٹ سے شروع اوربرہان وانی شہید چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکاء ”آزاد کرو آزاد کرو فلسطین کو آزاد کرو”،”اسرائیلی دہشت گردی نامنظورنامنظور”،”غزہ کے محافظو ہم تمہارے ساتھ ہیں”، ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”،”بھارتی قابضو جموں کشمیر چھوڑ دو”اور”خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا”جیسے نعرے لگارہے تھے۔ مقررین نے فلسطین میں نہتے شہریوں کے قتل عام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر سخت ترین پابندیاں عائد کر یں اوراسے جنگ بندی کی قرارداد پر عملدرآمدکرنے پر مجبور کریں۔ انہوں نے غزہ میں33 ہزار سے زائد شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا ۔
مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فوجی طاقت اور دہشت گرد کارروائیوں کے ذریعے کشمیری عوام کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔ انہوںنے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ جموں کشمیر کے منصفانہ ، دیرپا اور پائیدار حل کے لیے اپنی منظورشدہ قراردادوں پر عملدرآمدکو یقینی بنائے۔ ریلی کے اختتام پر شہدائے فلسطین اورشہدائے جموں کشمیرکے درجات کی بلندی اورارض مقدس فلسطین اورمقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے دعا کی گئی۔ریلی میں دیگر لوگوں کے علاوہ محمد یوسف بٹ ، عزیر احمد غزالی ، راجہ محمد عارف خان ، محمد ریاض جرال ، محمد لطیف لون ، ارشاد احمد بٹ ، راجہ محمد زخیر خان ، چوہدری محمد مشتاق ، غلام حسن بٹ ، محمد عاطف لون ، محمد اقبال یاسین ، انظار بٹ ، محمد اقبال میر ، حامد جمیل کشمیری ، منظور اقبال بٹ ، محمد فیاض جگوال ، سرانداز میرنے بھی شرکت کی۔