آزاد کشمیر

مظفرآباد: مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی ریلی

pasban rally mzf ajk 02-04-2024مظفر آباد: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیرِ اہتمام مظفر آباد میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظفر آباد میں سینٹرل پریس کلب کے باہر نکالی گئی ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کیخلاف زبردست نعرے لگا رہے تھے ۔مظاہرین نے بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے "بھارتیوں قابضوں جموں کشمیر چھوڑ دو،جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے” درج تھے۔ ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی اوردیگر رہنمائوں بشمول راجہ محمد آفتاب خان ، شوکت جاوید میر، عثمان علی ہاشم ، خالد محمود زیدی ، ندیم عالم اعوان ،سید آصف گیلانی، محمد صادق خان ، چوہدری محمد اسماعیل سید حمزہ شاہین اور محمد الطاف منہاس نے شرکت کی ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بھارتی حکومت کے5اگست 2019 کے ظالمانہ اقدامات اور بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے گزشتہ سال11دسمبرکو اسکی توثیق کے ظالمانہ اور جانبدار حکم کو کالعدم قرار دے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کوعالمی طورپرتسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں ر کسی بھی قسم کی سیاسی ، قانونی اور فوجی مہم جوئی کا حق حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کوجموں وکشمیر میں ایک قابض ، غاصب اور جارح ملک کی حیثیت حاصل ہے ۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے کشمیری عوام سے ماضی میں کیئے گئے دو طرفہ مشروط معاہدوں کو یکطرفہ طور پر منسوخ کر کے خود کو ایک بد عہد ملک اور بدترین استعمار کے طور پر ثابت کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ 5اگست 2019 سے آج تک تمام تر جبرواستبداد کے باوجودمودی کی زیرقیادت بھارت کی دہشت گرد حکومت کشمیری عوام کے بلند حوصلوں اور لازوال جذبہ حریت کو ختم کرنے میں مکمل طورپرناکام رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت ایک ظالم سامراج ہے جو کشمیری عوام سے انکی ریاست ، انکا وطن ، منفردشناخت ، تہذیب ، کشمیری روایات ، جھنڈا اور اسلامی پہچان چھننے کی کی سازشیں کررہا ہے ۔مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپناموثر کردار اداکرے ۔ مظاہرین نے گھڑی پن چوک تک مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button