بھارتی قابض فوج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں ، بیرسٹر سلطان چوہدری
کوٹلی:
آزاد جموں و کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کوٹلی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 5 اگست 2019کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے جموں وکشمیر میں ظلم و جبر کی جو لہر شروع کی تھی وہ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین دھائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں تقریبا ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ حریت رہنمائوں سمیت ہزاروں کشمیری بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں غیر قانونی طورپر قید ہیں جبکہ 23ہزار سے زائد خواتین بیوہ اورایک لاکھ سے زائد بچے یتیم ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کریں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کو ایک با رپھر یقین دلایا کہ ہم مودی کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ہر محاذ اور ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ انشا اللہ تحریک آزادی کشمیر جلد کامیاب ہو گی۔بیرسٹر سلطان نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی بھی مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں اور فلسطینیوں پر بھارتی اور اسرائیلی جارحیت پر عالمی قوتوں کی خاموشی اانتہائی قابل مذمت اور تشویشناک ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ اگر کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کا پر امن حل نہ تلاش کیا گیا تو جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ میں خوفناک جنگ چھڑ سکتی ہے۔