میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے جامع مسجد مقفل اور اپنی گھر میں نظربندی کی مذمت
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے ایک پیغام میں جمعتہ الوداع کے عظیم موقع پر پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں افسوس کااظہار کیاکہ قابض انتظامیہ نے مسلسل پانچویں سال بھی جمعتہ الوداع کے موقع پر تاریخی جامع مسجد سرینگر کومقفل کر کے انہیں گھر میں نظربندکردیا۔انہوں نے کہاکہ جمعتہ الوداع بحیثیت مسلمان ہمارے لئے بہت اہمیت اور عظمت کا حامل رہاہے کیونکہ یہ خصوصی دعائوں کا دن ہے اور رمضان المبارک کے اختتام تک پہنچتے ہی اللہ سے مغفرت ، برکت اور رحمت طلب کرنے کا دن ہے ۔آج کے دن جبکہ وادی کے تمام اضلاع اور دوردراز علاقوں سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس خاص اور بابرکت جمعہ کی اجتماعی نماز میں شرکت کیلئے جامع مسجد آتے ہیں لیکن انتہائی افسوس اور بدقسمتی کی بات ہے کہ قابض حکام نے زبردستی جامع مسجد کے دروازوں پر تالے لگا کر ہم سے یہ متبرک موقعہ چھین لیا ۔میر واعظ نے کہاکہ کشمیری عوام اس سرکاری آمریت اور مذہبی حقوق کی براہ راست خلاف ورزی پر سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے جامع مسجد کو بار بار لاک ڈان کا شکار کیااور انہیں بار بار جمعہ کے دن گھر میں نظر بند کیا گیا ۔انہوں نے قابض انتظامیہ کے اس طرز عمل کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قراردیا۔انہوں نے جمعتہ الوداع کے عظیم موقع پر مظلوم فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کا بھی ذکر کیاجو انتہائی تکلیف دہ حالات کاشکار ہیں۔