مقبوضہ جموں و کشمیر

غاصب قوتوں نے کشمیر و فلسطین میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے، مسرت عالم ،نعیم خان

کشمیری مسلمانوں کی جامع مسجد سرینگر، عیدگاہ میں ”نماز عید“کی ادائیگی سے روکنے کی مذمت

نئی دلی1:کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے امت مسلمہ خاص طور پر بھارتی و اسرائیلی وحشیانہ جارحیت کا شکار کشمیری و فلسطینی عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے دونوں محکوم اقوام کی سامراجی طاقتوں کے ناجائز تسلط سے جلدآزادی کی دعاکی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ جو جموں وکشمیر مسلم لیگ کے سربراہ بھی ہیں ، نے عید الفطر پر نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہاکہ مسلم دنیا اس وقت آزمائش و ابتلا کے ایک انتہائی کھٹن دور سے گزر رہی ہے ، غاصب قوتوں نے کشمیر و فلسطین میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں جبروستم کی انتہا کر دی ہے اور وہ علاقے میں اپنے نو آبادیاتی اایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ گو کہ عید ایک انتہائی پرمسرت دن ہے لیکن کشمیری اس وقت جس بے انتہا جبر وستم کا شکار ہیں اس کی وجہ سے وہ اس دن کی حقیقی روح اور خوشیوں سے محروم ہیں۔
مسرت عالم بٹ نے کہا کہ کشمیری وفلسطینی عوام قربانیوں کی ایک بے مثال تاریخ رقم کررہے ہیں،عظیم قربانیاں ہرگزرائیگاں نہیں جائیں گی ، جارح وظالم قوتوںکو ایک دن ہزیمت سے ضرور دوچارہونا پڑے گااور آزادی کی صبح طلوع ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن و سنت کی تعلیمات پر پوری طرح سے عمل پیرا ہو کر ہی تمام مشکلات و مصائب سے نجات حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں دشمن کے مذموم منصوبوں ، سازشوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔حریت چیئرمین نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور عید گارہ سرینگر میں عید نماز کی ادائیگی کی جازت نہ دینے پر قابض بھارتی انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دینی معاملات میں صریح مداخت قرار دیا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے بھی نئی تہاڑ جیل سے اپنے عید پیغام میںامت مسلمہ خاص طور پر کشمیری و فلسطینی عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حقیقی عید تب ہوگی جب وہ ناجائز قبضوں سے آزادی حاصل کر لیں گے۔انہوںنے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لیے ہیں اور وہ بے انتہا جبر کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔نعیم احمد خان نے کہا کہ تاہم بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز دبا نہیں سکتا اور وہ شہداءکے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی حکام کیطرف سے سری نگر کی جامع مسجد اور عیدگاہ کو نماز عید کیلئے ایک مرتبہ پھر بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کا یہ اقدام انتہائی تکلیف دہ اور مسلمانوں کی دینی معاملات میں صریح مداخلت ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button