امرناتھ یاترا کے باعث سرینگر جموں ہائی وے پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں امرناتھ یاترا شروع ہوتے ہی سرینگر جموں ہائی وے پر لگائی گئی ٹریفک پابندیوں سے عام مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسافروں نے ناقص انتظامات پر شدیدناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کا قافلہ گزر جانے کے باوجود اودھم پور سے آگے گاڑیوں کو کئی گھنٹوں تک روکے رکھا گیا جس سے سفر انتہائی تکلیف دہ بن گیا۔ وادی کشمیر کو باقی دنیا سے ملانے والے واحد زمینی راستے پر گزشتہ دو دنوں سے افراتفری کا ماحول ہے۔ دوپہر ایک بجے تک کسی بھی گاڑی کو اودھم پور سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی، حالانکہ یاتراکے قافلے کی آخری گاڑی صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ہی وہاں سے گزر جاتی ہے۔ امرناتھ یاترا گزشتہ روز شروع ہوچکی ہے۔ جموں کے مضافاتی علاقے نگروٹا میں بھی صورتحال مختلف نہیںہے۔ سینکڑوں گاڑیوں کو روکا جارہا ہے اور انہیں ادھم پور، کٹرہ، ریاسی حتیٰ کہ ضلع جموں کے دیہی علاقوں کی طرف بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ یہ پابندی اس وقت تک برقرار ر ہتی ہے جب تک یاترا کا قافلہ ادھم پور سے آگے نہیں نکل جاتا۔سب سے زیادہ مشکلات سرکاری اور نجی ملازمین کو پیش آتی ہیں۔ کئی ملازمین کو واپس گھروں کولوٹنا پڑتا ہے۔





