دریائے جہلم میں کشتی الٹنے سے6 افراد جاں بحق، تین لاپتہ
سرینگر16اپریل(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر کے علاقے بٹوارہ کے قریب دریائے جہلم میں مقامی افراد اور اسکول بچوں کو لے جانے والی ایک کشتی آج علی الصبح الٹ گئی جس کے نتیجے میں6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ باپ بیٹے سمیت تین افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کشتی گندبل سے بٹوارہ جا رہی تھی۔ واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنے طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور کئی افراد کو پانی سے باہر نکالا ، تاہم واقعے میں 6افرد جاں بحق ہوگئے جبکہ باپ بیٹے سمیت تین افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ مقامی لوگوں کے علاوہ انتظامیہ نے بھی لاپتہ افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیوآپریشن شروع کر دیا جبکہ ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیم کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔وادی کشمیر میں اس وقت شدیدبارشیں ہورہی ہیں جس کے نتیجے میں دریائے جہلم خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہا ہے۔گزشتہ دو روز سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث دریائے جہلم سمیت متعدد آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔