محمد یوسف میر کو ایک اور جھوٹے کیس میں کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنے کی شدید مذمت
سرینگر14نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلم لیگ جموں وکشمیر کے قائمقام چیئرمین عبدالاحدپرہ نے پارٹی کے نائب چیئرمین محمد یوسف میر کو ایک اور جھوٹے کیس میں کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عبدالاحدپرہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ محمد یوسف میر گزشتہ پانچ سال سے مسلسل جیل میں نظربند ہیںاور اس دوران ان پر دو بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا جبکہ دونوں بار عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے کہاکہ عدالتی احکامات کے باوجودان کو رہا کرنے کے بجائے جھوٹے مقدمات میں پھنساکر نظربند رکھا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عبدالاحدپرہ نے محمد یوسف میر سمیت تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ ،ایاز اکبر، معراج الدین کلوال، شاہدالاسلام، محمد رفیق گنائی، ڈاکٹر قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، شوکت حکیم ،محمد حیات بٹ ،معراج الدین نندا، نعیم احمدخان، فاروق احمد ڈار، محمد یوسف فلاحی، اسداللہ پرے، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نصرین اوردیگر سینکڑوں حریت پسند کشمیری شامل ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ تمام حریت پسند کشمیری نظربندوں کو رہا کرانے میں اپناکردار ادا کریں ۔