بی جے پی اب مقبوضہ جموں وکشمیر کی اسلامی یونیورسٹی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے
سرینگر27ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی خانقاہوں، عیدگاہوں اور دیگر املاک کے بعداب اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بی جے پی کی سینئر رہنما اور مقبوضہ جموں وکشمیر میںوقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ایک لائیو ٹی وی شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ اس کے معاملات خود چلا سکے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی کی بی جے پی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں وقف بورڈ کی 32000 کنال اراضی اور جائیدادوں پر قبضہ کرنے کی سازشیں کر رہی ہے۔ بی جے پی جس نے اپنی منتخب کردہ چیئرپرسن کے ذریعے عملی طور پر وقف بورڈ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، عیدگاہ سرینگر کی زمین پر بھی قبضہ کرناچاہتی ہے جس کے ساتھ تاریخی مزار شہداء اورصدیوں کی وابستگی کی وجہ سے کشمیریوں کا ایک جذباتی رشتہ ہے۔آر ایس ایس اور بی جے پی کا گٹھ جوڑ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے ہندوتوا ایجنڈا کے نفاذ میں مالی معاونت کے لئے وقف بورڈ کو ایک اہم ذریعہ بنانا چاہتا ہے۔