جاگیر کور کا مودی کے نام خط میں کرتار پور کوریڈور دوبارہ کھولنے کا مطالبہ
امرتسر14 نومبر (کے ایم ایس)شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی امرتسر کی صدر بی بی جاگیر کور نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر پاکستان میں واقع کرتار پور کوریڈور کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جاگیر کور نے خط میں مطالبہ کیا کہ سنگت کے عقیدے سے وابستہ سری کرتارپور صاحب کی راہداری کو فوری طور پر کھولا جائے اور اس کے لیے گرو نانک کے یوم پیدائش کے موقع پر پہل کی جائے۔بی بی جاگیر کور نے کہا کہ پہلے گرو کا پرکاش دیوس پوری دنیا میں سنگت کی طرف سے 19 نومبر کو منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرتار پور کراسنگ کورونا کے دوران عارضی طور پر بند کر دی گئی تھی لیکن حالات سازگار ہونے کے باوجود ابھی تک د وبارہ نہیں کھولی گئی اس سے سنگت کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے لہذا کراسنگ کو مزید بند نہیں رہنا چاہیے۔
دریں اثنا، بی بی جاگیر کور نے گورو تیغ بہادر صاحب کے یوم شہادت کو منسوخ کرنے اور اس کی جگہ چھٹھ پوجا کی تعطیل نافذ کرنے پر اتر پردیش کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔بی بی جاگیر کور نے کہا کہ اس سلسلے میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی خط لکھا جا رہا ہے۔