مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کے درپے ہے ، عزیر غزالی
مظفر آباد:
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ مودی کی بھارتی حکومت اپنے نوآبادیاتی منصوبے کے تحت غیر قانونی طورپرزیر قبضہ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے گھنائونے منصوبے پر عمل پیرا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ 5 اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے بھارتی حکومت کشمیریوں کے تمام بنیادی انسانی ، سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور شہری حقوق سلب کرنے کیلئے سرگرم ہے۔ عزیر غزالی نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز کی طرف سے راجوری ، پونچھ اور بانڈی پورہ اضلاع سے 100سے زائد بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ گرفتاریاں مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبو ت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کے ماحول میں مزید اضافہ کرنا چاہتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی جبر کا بدترین دورجاری ہے مودی کی زیرقیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نوآبادیاتی منصوبے کے تحت مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے گھنائونے منصوبے پر کاربند ہے ۔پاسبان حریت کے چیئرمین نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا فوری نوٹس لیں اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔