آزاد کشمیر

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ تنازعہ کشمیر کے پرامن ، دیرپاحل پر یقین رکھتی ہے، مرکزی ترجمان رفیق ڈار

اسلام آباد:
جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ تنازعہ کشمیر کے پرامن اور دیرپاحل پر یقین رکھتی ہے جس کے لیے کشمیری قوم اور حریت قیادت نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں پارٹی کے اس موقف کو دہرایا ہے کہ جے کے ایل ایف ہمیشہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کی غرض سے کسی بھی سنجیدہ عمل کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ طاقت کے استعمال سے تنازعات کو حل نہیں کیاجاسکتا بلکہ اس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے نام نہاد انتخابات کے بارے میں انہوں نے ڈھونگ انتخابات کوایک فضول مشق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھونگ انتخابات کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم رکھنے کی بھارت کی دیرینہ حکمت عملی کاحصہ سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی نام نہادانتخابات شکوک و شبہات کو جنم دیں گے ۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑی تعداد میں بھارتی فوج کی موجودگی میں کشمیری عوام کی خواہشات کو نظرانداز کر کے منعقد کئے گئے انتخابات ایک فضول مشق ہیں ۔دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پرزوردیتے ہوئے انہوں نے جے کے ایل ایف کی طرف سے جنگ بندی کے اقدام، دستخطی مہم کے آغاز، سفرِ آزادی اور نظر بند پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی قیادت میں مذاکراتی عمل میں فعال شرکت کی مثالیں پیش کیں ۔ رفیق ڈار نے واضح کیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے قتل عام ، گرفتاریوں اور لوگوں کو ہراساں کرنے سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ہرگز کمزورنہیں کرسکتا۔انہوں نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت تمام غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی اور تنازعہ کے جلدمذاکرات کے ذریعے حل پرزوردیا۔رفیق ڈار نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی ا تنظیموں بالخصوص کشمیر گلوبل کونسل کی طرف سے "کشمیر سینیٹ” کی تشکیل کے اقدام کو سراہاجس کامقصد پورے مقبوضہ جموں وکشمیر کی مذہبی اور نسلی برادریوں کے ساتھ تحریک آزادی کواسکے درست پس منظر میں پیش کرنا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button