جدہ:بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال تبادلہ خیال
جدہ :سعودی عرب کے شہر جدہ میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی ، سماجی اور مذہبی قیادت کے اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال تبادلہ خیال کیاگیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس میں ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنمامحمد فاروق رحمانی نے شرکت کی ۔اجلاس کی صدارت جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی جدہ کے صدر سردار وقاص عنایت نے کی۔ سردار عتیق خان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر بنیادی طور پرکشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل کشمیر یوں کو انکا حق خود ارادیت دینے سے
انکار کررہاہے ۔ سردار عتیق نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، خرم پرویز اور دیگر کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی ہماری حکمت عملی کا پہلا اور بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر کا تنازعہ ترقی یا نوکریوں کامسئلہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ بھارتی تسلط سے کشمیریوں کی آزادی اور انکے حقوق کے احترام کامسئلہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں جموں وکشمیر کے مستقبل کافیصلہ کرنے کا حق دیا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی برادری کی جانب سے ان قراردادوں پر عمل درآمد میں تاخیر کی کشمیری بھاری قیمت چکا رہے ہیں ۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہاکہ حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے کی دوہمسایہ جوہری طاقتوں بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ کا مسلسل خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے بلا تاخیر حل پر زوردیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنمامحمد فاروق رحمانی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا خود تعین کاموقع فراہم کرے۔تقریب سے پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید،کشمیر کمیٹی جدہ کے چیئرمین مسعود احمد پوری، سردار وقاص عنایت اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔