کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ، عزیر غزالی
مظفر آباد:
پاسبان حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عزیر غزالی نے مظفر آباد سے جار ی ایک بیان میں کہاکہ بھارتی سامراج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے کا مطالبہ کرنے پر کشمیری کو وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی اور جموںوکشمیر کی وحدت او رشناخت کے تحفظ کیلئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں ۔ عزیر غزالی نے مملکتِ خداد پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ ، پائیدار اور مستقل حل کیلئے مکمل تائید و حمایت پر اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے پاکستان اور ریاست جموں وکشمیر کے درمیان موجود تاریخی، اسلامی ، نظریاتی اور فکری رشتوں کو ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ ریاست کی آزادی کیلئے سیہ پلائی ہوئی دیوار بن کر بھارتی ظلم و جبر اور سازشوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔پاسبان حریت کے چیئرمین نے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے تاکہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہو سکے ۔