مظفر آباد: مودی کے مقبوضہ جموں وکشمیر کے دورے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
مظفرآباد: پاسبان حریت جموں وکشمیر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کیخلاف دارالحکومت مظفر آباد میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سینٹرل پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، حریت راہنما مشتاق الاسلام ، مشتاق احمد بٹ ، عثمان علی ہاشم ، ڈاکٹر محمد منظور ، محمد اسحاق شاہین ، جاوید احمد مغل ، خالد محمود زیدی اور دیگر نے کی۔ مظاہرین نے نریندر مودی ، راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ اور اجیت ڈوول کے پتلے نظر آتش کیئے۔ مظاہرے میں بچوں اور معمر افراد سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔انہوںنے مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے خلاف سیاہ جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے ۔ بینروں پر بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں اور مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ انہوں نے ”قاتل قاتل مودی قاتل ،جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے ، گو مودی گو بیک “کے فلک شگاف نعرے لگائے۔مقررین نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ مودی ہزاروں کشمیریوں کا قاتل اور جموں کشمیر کے تشخص پر حملہ آور ایک سامراجی حکمران ہیں، مقبوضہ علاقے کے لوگوں نے مودی کے دورے کو مکمل طور مسترد کردیا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارت سے آزادی سے کم کسی چیز کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھارت کے خلاف مزاحمت میں مقبوضہ علاقے کے اپنے بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔
دریں اثنا جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ نے آزاد جموں وکشمیر کے شہر باغ میں ایک عید ملن پارٹی کا احتمام کیا جس میں تنظیم کی ضلع باغ کی قیادت اور مہاجرین مقبوضہ جموںوکشمیرکے رہنماﺅں نے شرکت کی ۔ جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے نائب چیئرمین قاضی محمد عمران تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ صدارت پیر پنجال فریڈم موومنٹ ضلع باغ کے سرپرست اعلی عبدالغنی لون ،صدر ضلع باغ چوہدری نزیر حسین ،مہاجر کیمپ منگ بجری کے سرپرست اعلی چوہدری مختار نے کی ۔قاضی عمران نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر ی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور ہمارا مشن صرف اور صرف بھارت سے آزادی ہے۔ انہوں کہا کہ ہم مقبوضہ جموں کشمیر میں موجود اپنے مظلوم بھائیوں اور بیگناہ فلسطینیوں کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالی سے د±عا گو ہیں کہ وہ دونوںکو بھارتی اور اسرائیلی تسلط سے جلد آزادی کی نعمت عطا فرمائے ۔