راولا کوٹ: ڈاکٹر فائی کو لائف ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا
راولاکوٹ: نامور کشمیر ی رہنما و بین الاقوامی سطح پر تحریک آزادی کشمیر کے سفیر ڈاکٹر غلام نبی فائی کو ان کی طویل اور موثر خدمات پر انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ( انسپاڈ)کی طرف سے لائف ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ دینے کی تقریب راولاکوٹ میں منعقدہ گول میز امن کانفرنس کے دوران ہوئی جسکا کا اہتمام انسپاڈ نے کیا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر فائی نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مضبوط مستحکم اور خوشحال پاکستان ناگزیر ہے کیونکہ آج کی دنیا میں صرف اقتصادی، سیاسی، معاشی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے حامل ممالک ہی بین الاقوامی سفارت کاری و فیصلہ سازی میں مضبوط، طاقت ور فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔ گول میز امن کانفرنس کا عنوان ”کشمیر کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی“ تھا۔ ڈاکٹر فائی نے کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کی صدارت کمشنر پونچھ ڈویڑن سردار وحید خان نے کی۔ انسپاڈ کے صدر ڈاکٹر محمد طاہر تبسم نے کانفرنس کے مقاصد کشمیر و فلسطین کی تحریک مزاحمت اور اسرائیل و بھارت کے مظالم اور بربریت اور تحریک کشمیر میں اہل پونچھ کے تاریخی کردار سے آگاہ کیا۔ کانفرنس میں سابق ججز، وکلا±،بیوروکریٹس ،ماہرین تعلیم دانشوروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں،صحافیوں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی بااثر شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کے آغاز میں تھنک ٹینک انسپاڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر تبسم نے بیرون ملک خصوصا امریکہ میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ڈاکٹر غلام نبی فائی، ان کے ساتھیوں کے کردار پر روشنی ڈالی-
ڈاکٹر فائی نے کہا کہ آ ج خطہ پونچھ خطے کی بڑی قربانیاں ہیں اور مستقبل میں بھی اہل کشمیر کی نظریں خطہ پونچھ کے عوام پر ہیں۔ انہوں نے کیا موجودہ حالات میں ہمیں حکمت و دانش سے کام لینا ہو گا تاکہ تحریک کو نئی قوت سےاگے بڑھایا جا سکے اور دنیا کو اپنا حمایتی بنا سکیں۔امن کانفرنس سے جسٹس ریٹاہرڈ سردار عبدالحمید، ڈاکٹر شیخ ولید رسول، سردار ذوالفقارحسین ، ریٹاہرڈ سیکرٹری سردار صدیق خان، سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے قاہمقام صدر سردار شاہزیب شبیر، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان خالد، پروفیسر ریاض اصغر ملوٹی، پریس کلب کے صدر عابد صدیق، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس خان، محترمہ کنول رحیم ایڈووکیٹ، ڈاکٹر عظمی منشی، مسز نسیم اختر، سردار محمد ذاکر خاں، سردار ارشاد خان، ڈاکٹر فیاض نقی، سردار محمود اقبال، کونسلر سردار عامر خورشید ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ کانفرنس کے دوسرے سیشن میں سال و جواب کی نشست ہوئی جس میں شرکاءنے کشمیر پالیسی اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق تجاویز دیں۔کمشنر پونچھ ڈویڑن سردار وحید خان نے اخر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج ہمارے درمیان ایسی معتبر شخصیت موجود ہیں جو کئی دہائیوں سے مختلف فورمز پر کشمیر کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ کانفرنس کے دوران انسپاڈ کی جانب سے کئی ممتاز اور اہم شخصیات کو انکی خدمات کے اعتراف میں امن ایوارڈز اور سفیران امن کے سرٹیفکیٹ بھی پیش کئے۔ڈاکٹر فائی اور دیگر شرکا نے اس باوقار پروگرام کے انعقاد پر انسپاڈ کے صدر کو مبارک باد دی اور مستقبل میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ کانفرنس میں ڈپٹی کمشنر سید ممتاز کاظمی، ایس ایس پی محمد ریاض مغل ایےڈی سی جی سردار عمر فاروق اور ضلعی انتظامیہ کے افیسران نے بھی شرکت کی۔