مدھیہ پردیش :راہل گاندھی کی بی جے پی لیڈروں کے دلت خاندان سے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت
دلت لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بی جے پی لیڈروں نے خاندان کے متعدد افرادکو قتل کردیا
نئی دلی:
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے ریاست مدھیہ پردیش میں حکمران بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈروں نے ایک لڑکی سے جنسی زیادتی کے بعد پولیس کو اطلاع کرنے پر متاثرہ لڑکی بھائی ، چچا اور بعدازاں لڑکی کو قتل کر نے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہاکہ بی جے پی کی حکومت کے تحت مدھیہ پردیش میں جنگل کا راج ہے ۔انہوںنے کہاکہ مدھیہ پردیش کے علاقے ساگر میں ایک دلت خاندان کے ساتھ بی جے پی لیڈروں نے جوظلم کیا ہے اسکے بارے میں سوچ کر ہی دل دھل جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں قانون کی حکمرانی ختم کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی حکومت نے متاثرہ لڑکی اور اسکے اہلخانہ کا ساتھ دینے کی بجائے مجرموں کا ساتھ دیا ہے۔
راہل گاندھی نے کہاکہ مدھیہ پردیش کے علاقے ساگر میں بی جے پی لیڈروں نے ایک دلت لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے یہ بات کسی کو نہ بتانے کی دھمکی دی۔ خوفزدہ لڑکی نے یہ بات اپنے گھر والوں کو بتائی اور کافی کوشش کے بعد ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اس کے بعد بی جے پی لیڈروں نے دلت خاندان پر سمجھوتہ کرنے کیلئے دبائو ڈالنا شروع کر دیا۔ سمجھوتہ کرنے سے انکار پر بی جے پی کے غنڈوں نے دلت لڑکی کے بھائی کو مار مار کر قتل کر دیا۔جب متاثرہ لڑکی کی والدہ نے اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کی تو اسے بھی برہنہ کر دیاگیا ۔راہل گاندھی نے کہاکہ بی جے پی لیڈروں نے اس ہی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ تین دن بعد لڑکی کے چچا کو سمجھوتہ کرنے کیلئے طلب کیا اور اسے بھی قتل کردیا گیا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بی جے پی لیڈروں نے اس معاملہ کو نمٹانے کیلئے متاثرہ لڑکی کو بھی پراسرار طورپر قتل کردیاہے ۔