محمود ساغرکی کشمیریوں کو ملازمتوں سے محروم کرنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کی مذمت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کشمیریوں کوسرکاری نوکریوں سے محروم کرنے کے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کو ڈرانے اوردھمکانے کی کوشش قراردیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمودساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیریوں کو اپنا مستقبل بنانے اور سرکاری یا نجی شعبے میں ملازمتیں تلاش کرنے کا ناقابل تنسیخ حق حاصل ہے اور ایک قابض ہونے کے ناطے بھارت کو انہیں ان حقوق سے محروم کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کشمیری ملازمین کو سرکاری ملازمتوں سے برطرف کرنے اور ان کی توہین کرنے کے بھارتی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کی۔حریت رہنما نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھارت علاقے میں نہ اپنی مرضی چلا سکتا ہے اور نہ ہی عام کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ سمیت جیلوں میں بند کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں ان کی رہائی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔