تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کے ا نتخابات میں ہم خیال امیدواروں کی حمایت کرے گی : راجہ نجابت
مانچسٹر: جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم برطانیہ میں ہونے والے عام نتخابات میں تمام ہم خیال امیدواروں کی الیکشن مہم میں حصہ لے گی تاکہ وہ برطانوی پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوسکیںاورکشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے آواز اٹھاسکیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ نجابت حسین نے کہاکہ ہمارا مقصد مسئلہ کشمیر کی گونج کوپوری دنیا کے تمام ایوانوں، پارلیمانوں اور با اثر اداروں تک پہنچانا اور اس کے فوری اور پائیدار حل کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ میں خود بھی ہم خیال امیدواروں کی الیکشن مہم میںحصہ لوں گا اور اس سلسلے میں ہر سطح پر انتہائی مضبوط اور موثرمہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی چیئرپرسن برطانیہ کونسلر نائلہ شریف،سابق چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، جموں کشمیر انٹرنیشنل سٹوڈنٹس سوسائٹی کے صدرذیشان عارف اور دیگر عہدیداروںنے برطانیہ بھر میں الیکشن مہم کے حوالے سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔