بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے، ڈاکٹر فائی
واشنگٹن:ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے انعقاد پر بھارت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کومقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ کا منانے کا کوئی قانونی، اخلاقی یا آئینی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ ہے اس نے جموںو کشمیر پرغیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں بھارت اور عالمی برادری کو یاد دلایا کہ 1948کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے استصواب رائے کرانے کیلئے سازگارماحول قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاکہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں کہ ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کواپنا اٹوٹ انگ قراردینے کا بھارت کا جھوٹا دعویٰ کشمیریوں کی مسلسل موت، تباہی اور مصائب کی بنیادی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںمیں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ شہادتیں ،ظلم و تشدد، خواتین کی عصمت دری، لوٹ مار، اغوا، غیر قانونی گرفتاریاں اور پرامن سیاسی احتجاج پرکالے قوانین کے تحت سزائیں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیریوں کے خود ارادیت سے متعلق قراردادوں کی توہین بھی کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل کشمیر یوں کو انکا حق خودارادیت دینے میں مضمر ہے اور یہ وعدہ 77 سال قبل عالمی برادری نے ان سے کیا تھا۔ ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل ہو گیا تو بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے اور خطے میں ایٹمی جنگ کا خطرہ نہیں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت پروان چڑھے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔