ہم حکومت بنانے میں جلد بازی نہیں کریں گے، ”انڈیا اتحاد“
نئی دلی: بھارت میں پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا کے انتخابی نتائج کے بعد حزب اختلاف کے اتحاد ”انڈیا“ کے رہنماﺅں کا ایک اہم اجلاس کانگریس کے صدر ملکار جن کھڑگے کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بدھ کی شام ہونے والے اجلاس میں کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی، راہول گاندھی ، این سی پی صدر شردپوار،یو بی ٹی کے سنجے راوت، آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادواور دیگر جماعتوں کے رہنما شریک تھے۔ اجلاس میں مرکز میں حکومت بنانے کے امکانات پر بھی غوروخوض کیا گیا ۔ ملکار جن کھڑگے نے اس موقع پر کہا کہ ”میں انڈیا بلاک کے تمام ساتھیوں کا استقبال کرتا ہوں، ہم ایک ساتھ لڑے اور پوری طاقت سے لڑے، آپ سب کو مبارکباد۔“انہوںنے مزید کہا کہ ہم یہاں یہ بھی پیغام دیتے ہیں کہ انڈیا اتحاد ان تمام سیاسی جماعتوں کا استقبال کرتا ہے جو بھارتی آئینپر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہم حکومت بنانے میں جلد بازی نہیں کریں گے بلکہ انتظار کریں گے کہ کھچڑی سرکار(بی جے پی حکومت) کب تک چلتی ہے کیونکہ وہ کئی بیساکھیوں کے سہارے کھڑی ہے اور بہت جلد گر جائے گی۔