مقبوضہ کشمیر:دو شہید شہریوں کی قبرکشائی،میتں ورثا کے حوالے کی جائیگی
سرینگر18 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے سیاسی اور سماجی دبائو کے پیش نظربھارتی قابض حکام نے جمعرات کی شام کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حیدرپورہ سرینگر میں جعلی مقابلے کے دوران شہید ہونیوالے چار کشمیری شہریوں میں سے دو محمد الطاف بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کی ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں واقع قبرستان میں قبرکشائی کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد الطاف بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کو بھارتی فوجیوں نے پیر کے روزمحمد الطاف اور ڈاکٹر مدثر کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کرنے کے بعد دو اور شہریوں کی میتوں کے ہمراہ ہندواڑہ کے قبرستان میں دفن کر دیاتھا۔بھارتی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق لاشوں کو ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کی موجودگی میں تحصیلدار ہندواڑہ کی نگرانی میں نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاشوں کو سرینگر بھیجا جائے گا جہاں انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا جائے گا۔اطلاعات میں مزید کہاگیا ہے کہ دونوں شہداء کے خاندانوں کو ان کی نماز جنازہ میں صرف چند لوگوں کو ہی شرکت کی ہدایت دی گئی ہے ۔