مفتی اعظم کی طرف سے کٹھوعہ میں مسجد کو منہدم کرنے کی قابض انتظامیہ کی کوششوں کی مذمت
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم ، مفتی ناصرالاسلام نے جموں خطہ کے ضلع کٹھوعہ میں ایک مسجد کو منہدم کرنے کی قابض حکام کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مفتی ناصر الاسلام نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں تمام مساجد کے تحفظ پر زور دیا اور مقبوضہ علاقے میں نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک ایسی جگہ ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگوں کی عبادت گاہیں اور مقدس مقامات بشمول امرناتھ غارموجود ہیں، جن کی حفاظت اور دیکھ بھال مسلمان کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقامی مسلمان صدیوں سے امرناتھ یاترا کیلئے آنے والے ہندویاتریوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے قابض حکام پر زور دیا کہ وہ ہندوتوا کارکنوں کو کشمیرمیں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو خراب کرنے سے روکیں۔