تلنگانہ : ہندو توا غنڈوں کے مسلمانوں پر حملے، حالات کشیدہ
حیدرآباد:
بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر میدک میں ہندوتوا غنڈوں کے مسلمانوں پر حملے کے بعد شہر میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں ۔ امن و اماں کو برقرار رکھنے کیلئے شہر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میدک قصبے میں اس وقت متعدد افراد زخمی ہو گئے جب ہندوتوا کارکنوں کے ایک ہجوم نے عیدالاضحی پر قربانی کے لیے مویشی لانے کی پاداش میں مسلمانوں کے گھروں پر حملے کیے۔ہندو توا غنڈوںنے مسلمانوں اور انکی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ سنگھ پریوار کے مقامی کارکنوں پر مشتمل ایک ہجوم منہاج العلوم مدرسہ کے سامنے کھلے میدان میں پہنچ گیا، جہاں عید الاضحی کی قربانی کے لیے مویشی لائے گئے تھے۔ انہوں نے شدید ہنگامہ کیا اور مدرسہ انتظامیہ کے ارکان پر دھاوا بول دیا۔ہندوتوا غنڈوں نے زبردستی دکانیں بھی بند کرا دیں اور مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا۔ میدک کے باشندوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ پولیس اس دوران بالکل خاموش تماشائی بنی رہی۔
انتظامیہ نے مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔