مقبوضہ جموں وکشمیر: حیدر پورہ جعلی مقابلے کے شہداءکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی
سرینگر19 نومبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حیدر پورہ جعلی مقابلے کے شہدا کی آج مقبوضہ علاقے کی کئی مساجد میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں پیر کی شام ایک جعلی مقابلے میں چار شہریوں کو شہید کیا تھا۔سرینگر اور مقبوضہ علاقے کے دیگر قصبوں کی متعدد مساجد میں لوگوں نے شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی۔ عائمہ مساجد نے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور بھارت پر زور دیا کہ وہ فوجی تشدد سے باز رہے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔چار شہید شہریوں میں سے دو الطاف احمد بٹ اور ڈاکٹر مدثر کو جمعرات کی نصف شب کے بعد سری نگر کے علاقوں برزلہ اور راولپورہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی میتیں جمعرات کی شام ہندواڑہ کے قبرستان سے نکالی گئی تھیں۔ قابض حکام نے شہداءکی آخری رسومات میں صرف اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں کو شرکت کی اجازت دی۔
ادھر قابض حکام نے آج بھی سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔