نئی دلی : اسد الدین اویسی کے گھر پر شرپسندوں کا حملہ ، توڑ پھوڑ کی
نئی دلی:بھارت کے دارلحکومت نئی دلی میں بعض شرپسندوں نے لوک سبھا کے رکن اور آل انڈیا مجلس اتحا د المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کے گھر پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حملہ آوروں نے نئی دلی کی اشوکا روڈ پر واقع اسد الدین اویسی کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑکی ۔حملہ آوروں نے انکے گھر کے دروازے پر آویزں ان کے نیم پلیٹ پر بھی سیاہی پھینک دی ۔ اسد الدین اویسی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اپنے گھر پر شرپسندوں کے حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے ،ان کے گھر پر پہلے بھی کئی بار حملے ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے ان کے گھر پر حملے اس لئے کئے جارہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی اورانکی حکومت نے مسلم دشمنی ،انتہاپسندی اور بنیاد پرستی کے جذبات کوبھڑکایاہے۔اسد الدین اویسی نے کہا کہ جب خودنریندر مودی کہتا ہے کہ مسلمان درانداز ہیں اور ان کی شناخت ان کے لباس سے ہوتی ہے، اس سے ایسے لوگوں کو ہمت ملتی ہے کہ وہ میرے گھر پر اسرائیل کا جھنڈا لگاتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لوگ صیہونی نظریہ پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صیہونی نظریہ ایک ایسا نظریہ ہے جس نے غزہ میں 40ہزار فلسطینیوں کو قتل کیا اور 12 لاکھ افراد کو بے گھر کیاہے۔انہوں نے سوال کیاکہ اگر دارلحکومت نئی دلی میں پارلیمنٹ کا رکن محفوظ نہیں ہے تو بھارت میں عام لوگوں کی سیکورٹی کی کیا حالت ہو گی۔