حضرت امام حسین کی قربانیاں ہمیں انصاف کے لئے مسلسل اور انتھک جدوجہد کی ترغیب دیتی ہے: آغا حسن
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے محرم الحرام کے موقع پر ایک پیغام میں کہاہے کہ یہ مہینہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اوران کے ساتھیوں کی لازوال قربانیوں کی یادتازہ کرتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ محرم وہ مہینہ ہے جس میں انصاف ناانصافی کے خلاف اور حق باطل کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پوری تاریخ میں حق کی ہمیشہ باطل پر فتح ہوئی ہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ قربانی، لگن، تسلسل، مساوات، سب کے لیے عزت اور سماجی انصاف کے اعلی ترین نظریات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے کبھی جبر، طاقت یا دنیاوی جاہ وجلال کے سامنے سرنڈر نہیں کیابلکہ وہ ہمیشہ صداقت اوردیانت کے اصولوں پر ثابت قدم رہے۔آغا حسن نے لوگوں پرزوردیاکہ وہ ان تعلیمات پر عمل کریں اور اپنے روزمرہ اعمال میں ان کی عکاسی کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ سب سے عاجزی کے ساتھ مخلصانہ دعائوں کی درخواست کرتا ہوں کہ مشکلات کا یہ وقت ہماری بہتر زندگی میں تبدیل ہو۔انہوں نے اس مقدس مہینے کے دوران اجتماعی خود احتسابی پر زور دیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ محرم صرف ماتم کا مہینہ نہیں بلکہ ان اصولوں پر قائم رہنے کا اعادہ کرنے کا موقع ہے جن کے لیے امام حسین رضی اللہ عنہ کھڑے رہے۔ کشمیریوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم لوگ اپنے خطوں میں ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے امام حسین رضی اللہ عنہ کی جدوجہد سے طاقت اور تحریک حاصل کرتے ہیں۔ان کی قربانیاں ہمیں انصاف کے لئے مسلسل اور انتھک جدوجہد کی ترغیب دیتی ہے اورہمیں یاد دلاتی ہے کہ ظلم کے خلاف جنگ لازوال اور آفاقی ہے۔