دلی:سپریم کورٹ نے کیجریوال کو منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت دیدی
دہلی: بھارتی دارلحکومت دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو شراب گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت مل گئی ہے۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ بنچ نے اروند کیجریوال کی عرضی پر آج اپنا فیصلہ سنایاہے۔ سپریم کورٹ نے 17 مئی کو اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کیجریوال نے تحقیقاتی ادارے انفوسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کیطرف سے اپنی گرفتاری کے بارے میں دہلی ہائیکورٹ کے 9اپریل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ای ڈی نے اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔تاہم کیجریوال ابھی جیل سے باہر نہیں آسکیں گے کیونکہ وہ ابھی بھی سی بی آئی کیس میں عدالتی حراست میں ہیں۔ جیل سے باہر آنے کے لیے انہیں اس مقدمے میں بھی ضمانت لینی پڑے گی۔ اروند کیجریوال کی عرضی پر فیصلے کے وقت کیجریوال کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی اور ای ڈی کے وکیل ایس جی تشار مہتا عدالت عظمیٰ میں موجود تھے۔
دہلی ہائی کورٹ نے کیس میں کیجریوال کی گرفتاری کو برقرار رکھتے ہوئے کہا تھا کہ یہ گرفتاری غیر قانونی نہیں ہے کیونکہ تحقیقات میں شامل ہونے سے بار بار انکار کے بعد ای ڈی کے پاس کیجریوال کی گرفتاری کے کوئی آپشن نہیں بچا تھا۔