مودی حکومت پلوامہ جیسے ایک اور جعلی آپریشن کا منصوبہ بنا رہی ہے : پرشانت بھوشن
نئی دہلی: بھارت کے معروف وکیل پرشانت بھوشن نے خبردار کیا ہے کہ مودی حکومت 2024میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل پلوامہ حملے جیسا ایک اور جعلی آپریشن کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
پرشانت بھوشن نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی عوام کو خبردارکیا کہ مودی حکومت ا یک اور پلوامہ یا بالاکوٹ حملے کا منصوبہ تیار کررہی ہے تاکہ بھارتی ووٹروں کو 2024کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی طرف راغب کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس بار فرقہ وارانہ ایجنڈے کے تحت بی جے پی کے بنیادی ووٹروں میں قوم پرستی کے جذبے کو تقویت دی جائے گی۔ایڈوکیٹ بھوشن نے سامعین کو ایودھیا میں رام مندر پر منظم ریاستی دہشت کے تحت حملے کے لیے تیار رہنے کے لئے کہا جس کے ذریعے بی جے پی فرقہ وارانہ بنیادوںپر ووٹوں کو اپنی طرف راغب کرے گی۔ایڈووکیٹ بھوشن نے پلوامہ واقعے کے حوالے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے بیانات کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا کہ مودی حکومت نے حملے سے متعلق حقائق کو چھپایا۔14 فروری 2019 کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے کی ایک بس کو بارود سے بھری گاڑی نے دھماکے سے اڑادیا تھا جس کے نتیجے میں 40سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ بہت سے سیاسی ماہرین اور حتی کہ بھارتی سیاستدانوں کا خیال ہے کہ پلوامہ حملہ مودی حکومت نے الیکشن جیتنے کے لیے کیا تھا۔پرشانت بھوشن نے حملے کے بعد 3گھنٹے تک خاموش رہنے پربھارتی وزیر اعظم سے جواب طلب کیا اور ستیہ پال ملک کی طرف سے واقعے کے بارے میں مطلع کرنے پر انہیں خاموش رہنے کی ہدایت دینے کے پیچھے وجہ پوچھی۔ انہوں نے سامعین کو بتایاکہ مودی حکومت نے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا وعدہ کیاتھا جووہ پورا کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے کی رپورٹ پانچ سال گزرنے کے بعد بھی سامنے نہیں آئی۔ ایڈوکیٹ بھوشن نے کارپوریٹ میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ٹی وی اینکروں نے اس حملے پر بے شرمی سے بھارت کے مفاد پر سمجھوتہ کر کے اپنے آقائوںکے اشارے پر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملے میں مارے گئے فوجیوں کو انصاف نہیں ملا اور مودی حکومت نے انتخابی فائدہ حاصل کرنے کے لیے ان کے قتل پر سیاست کی۔بھوشن نے خبردار کیا کہ مودی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں دوسری سرجیکل اسٹرائیک کرے گی جس طرح بی جے پی نے 2019کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بالاکوٹ میں ایک بے بنیاد ائرسٹرائک کرکے حالات کو اپنے حق میں موڑ دیا تھا۔بھوشن نے کہاکہ نریندر مودی یا تو پورے بھارت کو منی پور کی طرح تقسیم کر دیں گے یا پھر’پلوامہ 2اوربالاکوٹ 2کر کے عوام میں قوم پرستی کے جذبات بھڑکائے گی ۔ انہوں نے کہا یہ لوگ انتخابات جیتنے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں اور کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔