بارہمولہ میں ایم بی بی ایس طلباء کاقابض حکام کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کے ایم بی بی ایس کے سینکڑوں طلباء نے حکام کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہاتھوں میںپلے کارڈ اٹھائے احتجاجی طلبا ء جی ایم سی کے احاطے میں جمع ہوئے اور ماہانہ وظیفے میں اضافے سمیت اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ ایم بی بی ایس طلبا نے کہا کہ حکام کی طرف سے ان کے مطالبات کو جلد پورا کرنے کی یقین دہانی کے باوجود اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔جی ایم سی بارہمولہ میں ایم بی بی ایس کے طالب علم عادل نے بتایاکہ ہمیں ماہانہ صرف 12000 روپے کا وظیفہ ملتا ہے جو ایک غیر ہنر مند مزدور کی اجرت سے بھی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور ہمارے کام کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے یہ انتہائی کم ہے اور اس میں فوری اضافے کی ضرورت ہے۔ عادل نے کہاکہ اگرچہ ہمیں گزشتہ دو سالوں سے یقین دہانی کرائی جارہی ہے کہ اضافے کا مطالبہ پورا ہو جائے گا لیکن اس حوالے سے اب تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔