حلقہ بندی کمیشن نے کشمیریوں کو بے اختیار کرنے کی داستان لکھی ہے ، نیشنل کانفرنس
سرینگر17فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ حلقہ بندی کمیشن نے وادی کشمیر اور جموں کے دور افتادہ علاقوں کو بے اختیار کرنے اور حق رائے دہی سے محروم کرنے کی داستان لکھی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حلقہ بندی کمیشن کی تجاویز پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پینل نے سات سیٹوں کی تقسیم اور نشاندھی کرتے ہوئے من چاہا غیر واضح معیار اختیار کیا ہے۔کمیشن نے حلقہ بندی کے پہلے اور اہم ترین معیار کے طور پر آبادی کو وہ اہمیت نہیں دی گئی ہے جس کے وہ مستحق ہیں اور اس بنیادی اصول کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے حلقوں کی الاٹ منٹ کی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ حلقہ بندی کی مشق کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے مطابق لوگوں کو مساوی نمائندگی حاصل ہو۔نیشنل کانفرنس نے کمیشن پر زور دیا کہ وہ دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف دائر درخواستوں اورجموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019کے آئینی جواز سے متعلق درخواستوں کے حتمی فیصلے تک حلقہ بندیوں کی مشق کو روک دے ۔ یہ ایکٹ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 5اگست2019کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر نے کیلئے مقبوضہ علاقے میں نافذ کیاتھا۔