اتر پردیش :داڑھی نہ کٹوانے پر مسلم طالب علم کوکے کالج سے نکال دیا گیا
لکھنو:
بھارتی ریاست اتر پردیش میں داڑھی نہ کٹوانے پر ایک مسلم طالب علم کو کالج سے نکال دیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فرمان علی نامی طالب علم بریلی کے علاقے ہوبی گنج میں آزاد نورنگ انٹر کالج میں زیر تعلیم تھا۔ فرمان کو کالج سے نکالے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔ویڈیو میں پرنسپل کو فرمان کو کالج میں داخلے سے روکتے ہوئے دکھایاگیا ہے ۔فرمان کے بڑے بھائی ذیشان علی نے اپنے بھائی کوصرف ڈارھی رکھنے پر کالج سے نکالے جانے پرڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ریاستی حکومت سے باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ذیشان علی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کالج کے پرنسپل فرمان پر داڑھی منڈوانے کیلئے دبائو ڈال رہے تھے ۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ ماہ فرمان کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اس نے داڑھی نہ منڈوائی تو اسے کالج سے نکال دیا جائے گا۔ 31جولائی کو جب فرمان اپنی داڑھی کٹوائے بغیر کالج پہنچا تو پرنسپل نے اسے یہ کہتے ہوئے کالج میں داخل ہونے سے روک دیا "یہ کالج ہے، مدرسہ نہیں۔ اپنی داڑھی کاٹو؛ تم یہاں اس طرح پڑھ نہیں سکتے۔” اس کے بعد پرنسپل نے اسے کالج کے لاحاطے سے نکال دیا۔اس واقعے کی ویڈیو پر بڑے پیمانے پر غم و غصے کا اظہار کیاجارہا ہے ۔